دبئی۔ 14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی فاسٹ بولر مچل جانسن کو آج دوہری خوشی ملی کیونکہ آئی سی سی کی جانب سے انہیں ٹسٹ کرکٹ کا بہترین کھلاڑی اور سال کے بہترین کرکٹر کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ 33 سالہ بائیں ہاتھ فاسٹ بولر جانسن نے اپنے کیریئر میں دوسری مرتبہ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کیا ہے اور وہ ایسے تیسرے آسٹریلیائی کھلاڑی ہیں جنہوں نے آئی سی سی کا یہ ایوارڈ حاصل کیا ہے کیونکہ 2006ء میں رکی پونٹنگ اور گذشتہ برس مائیکل کلارک کو سال کے بہترین کرکٹر کا ایوارڈ دیا جا چکا ہے۔ 26 اگست 2013ء تا 17 ستمبر 2014ء کے درمیان کھلاڑی کے مظاہروں پر رائے دہی کے ذریعہ فاتح کھلاڑی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ مذکورہ عرصہ کے دوران جانسن نے 15.23 کی اوسط سے 59 وکٹیں حاصل کی ہیں اور اس دوران گذشتہ ڈسمبر کو ایڈیلیڈ میں منعقدہ ٹسٹ میں انگلینڈ کے خلاف انہوں نے 40 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ علاوہ ازیں اس دوران 16 ونڈے مقابلوں میں جانسن نے 21 بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ علاوہ ازیں جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ولیرس کو ونڈے کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ ابھرتے کھلاڑیوں کے زمرہ میں انگلینڈ کے نوجوان بیٹسمین گیری بیلنس اعزاز کے مستحق قرار پائے۔