جامع سروے میں کئی خامیوں کی نشاندہی

محبوب نگر۔20اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ مسلم انٹلکچول فورم کے ذمہ داران محمد غلام غوث‘ خواجہ فیاض الدین انورپاشاہ اور خواجہ معین الدین نے اپنے مشترکہ پریس نوٹ میں گذشتہ روز ریاستی سطح پر منعقدہ جامع سروے کے دوران کئی ایک خامیوں کی نشاندہی کی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ہی مکان نمبر پر اگر والدین کے علاوہ شادی شدہ لڑکے بھی اپنی فیملی کے ساتھ رہائش پدیر ہیں تو والدین میں سے کسی ایک کو سرپرست خاندان بتاتے ہوئے تمام افراد کی تفصیلات ایک ہی فارم میں درج کی جارہی ہیں ۔ علحدہ خاندان کے طور پر زندگی گذارنے افرادکو گاڑیاں ‘ گیاس کنکشن وغیرہ کی تفصیلات درج نہیں کی جارہی ہیں ۔ توجہ دلانے پر عملہ کا جواب ہیکہ ایک مکان میں رہنے والے افراد کو ایک خاندان متصور کیا جائے گا ‘ جبکہ ایک مکان میں کوئی کرایہ دار ہو تو اس کا الگ خاندان متصور کرتے ہوئے اس کا علحدہ اندراج کیا جارہا ہے ۔ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہیکہ ان خامیوں کو سروے کے دن ہی صبح 10بجے سے قبل ہی ضلع کلکٹر اور کمشنر بلدیہ کے علم میں لایا گیا تاہم اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ اسلئے حکومت سے گذارش کی جاتی ہے کہ ایک ہی مکان میں اگر ایک خاندان کے افراد علحدہ علحدہ طور پر گذر بسر کررہے ہوں تو ان کو علحدہ خاندان متصور کرتے ہوئے علحدہ علحدہ فارمس میں ان کی تفصیلات درج کریں تاکہ جامع روے کا اصل مقصد حاصل ہوسکے ۔