جامع سروے سے مستفید ہونے مسلمانوں کو مشورہ

یلاریڈی ۔ 15 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جامع سروے کے دن ہر مسلم خاندان کو حصہ لینے کی جناب اعجاز احمد مسرور سابق رکن معاون منڈل پریشد نے خواہش کی ۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں تمام مسلمانان سے خواہش کی کہ جامع سروے کیلئے جب تلنگانہ سرکار ایڑی چوٹی کا زور لگاتے ہوئے انتظامات کررہی ہے تو تمام اقلیتوں کا بھی فرض بنتا ہیکہ وہ اس سے استفادہ کریں کیونکہ یہ سروے صرف مستحق افراد کو سرکاری اسکیمات سے مستفید ہونے میں زینہ ثابت ہوگا ۔ 19 اگسٹ بروز منگل کو اپنی تمام ذاتی مصروفیات ترک کرتے ہوئے جامع سروے کیلئے تیار رہنا ہوگا تاکہ سرکاری اسکیمات کیلئے سرکار غریب خاندانوں کو شناخت کرنے میں آسانی ہوسکے ۔ مسلمانوں کی ذرا سی بھی غفلت مستقبل کیلئے بے شمار مشکلات پیدا کرسکتی ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ سرکار سے خواہش کی کہ جامع سروے کے فارمس میں مسلمانوں کے نام و تفصیلات انگریزی میں درج کروانے کی اجازت و احکام دیں ۔ کیونکہ تلگو زبان میں مسلمانوں کے نام درست ڈھنگ سے ادا نہ ہوسکیں گے ۔ جس سے ناموں کے ساتھ دوسری تفصیلات میں غلطیاں ہونے کا خدشہ ہے ۔ جب جامع سروے ہی کیا جارہا ہے تو کیوں نہ مکمل جامع طریقہ سے کیا جائے اسی لئے حکومت مسلمانوں کے خاندان کی تفصیلات زبان انگریزی میں کرنے کے احکام جاری کرے تاکہ حکومت کو اور اقلیتوں کو سروے اطمینان بخش ثابت ہو ۔ انہوں نے تمام مسلم خواندہ افراد سے بھی خواہش کی کہ وہ اپنے اطراف کے ناخواندہ خاندانوں کو اس تعلق سے تشریح کرتے ہوئے ترجیح دلائیں تاکہ کسی طریقہ کی کوئی غفلت نہ ہونے پائے ۔ 19 اگسٹ بروز منگل کو ہر خاندان سروے عہدیداروں کے ساتھ تعاون کرنا ہے جو مستحق کیلئے بہت کچھ ترقی میں راہ ہموار کرنے کی اُمید ضرور کی جاسکتی ہے ۔ اس لئے غفلت نہ کریں بیداری سے کام لیں ۔