کاغذنگر /13 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کاغذنگر کے MPDO آفس میں 19 اگست کے سروے کے تعلق سے شعور بیداری پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا جس میں مسٹر کونیرو کونپا رکن اسمبلی سرپور نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ مسٹر کونیرو کونپا نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس سروے سے غریب افراد استفادہ کرسکتے ہیں ۔ اس لئے یہ سروے کافی اہمیت کا حامل ہے ۔ اس سروے کے مکمل کرلینے کے بعد غریب اور مستحق افراد کو رہائشی اراضی ، رہائشی مکانات ، وظیفہ پیرانہ سالی ، وظیفہ بیوگان ، وظیفہ جسمانی معذورین ، راشن کارڈس بے روزگار نوجوانوں کو روزگار اور قرضہ جات حکومت کی جابن سے فارہم کئے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے حکومت اسمبلی سرپور کے عوام سے اپیل کی کہ اس سروے میں تمام لوگ اپنی اپنی فیملی کے تعلق سے صحیح معلومات درج کروائیں اور حکومت سے استفادہ کریں ۔ مسٹر بھکشاپتی منڈل ایجوکیشن آفیسر نے مقررہ سروے فارم کی خانہ پری کا طریقہ حاضرین کو بتایا یہ فارم چار صفحات پر مشتمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام فیملی ممبرس بشمول طلباء اور طالبات کی تعلیمی تفصیل بھی اس فارم میں درج کی جائے ۔ مسٹر سریش تحصیلدار اور مسٹر کمار سوامی میونسپل کمشنر نے بھی حاضرین کو اس سروے کے تعلق سے تفصیلی معلومات فراہم کیں ۔ بعد ازاں ان افراد کو سوالات کرنے کا موقع دیا جس سے اس کی معلومات میں اضافہ ہوا ۔ اس موقع پر شریمتی ودیاوتی میونسپل چیرپرسن ، شریمتی شاردا منڈل پریسیڈنٹ مسٹر کرشنا مورتی EOPRD کے علاوہ سابقہ صدرنشین بلدیہ جناب شیخ دستگیر کے علاوہ تمام میونسپل کونسلرس اور مسٹر ستیا نارائن سنگھ ایم پی ڈی او موجود تھے ۔