کوڑنگل۔/22اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوڑنگل منڈل مستقر و اطراف واکناف واقع نواحی مواضعات اور دیہاتوں میں جامع خاندانی سروے کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ سروے میں عوام کا غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا۔ مختلف محلہ جات میں گہما گہمی کا ماحول تھا۔ سروے کی مقررہ تاریخ سے قبل ہی تلاش روزگار میں نقل مقام کرنے والے ہزاروں کی تعداد میں لوگ اپنے اپنے مقامات پر پہنچ گئے تھے۔ کئی ماہ سے ترک مقام کی وجہ سے ویرانی کا ماحول تھا۔ مکینوں کی اچانک آمد پر تمام مکانات آباد ہوگئے۔ شمار کنندے صبح کی اولین ساعتوں سے ہی گھر گھر پہنچتے ہوئے سروے کے عمل کو پورا کررہے تھے۔ عوام نے بھرپور تعاون کیا۔تحصیلدار مسٹر روی کمار، ایم پی ڈی او نرسنگ راؤ نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ کوڑنگل منڈل میں 95فیصد سروے مکمل ہوا۔تمام سڑکیں سنسان، بازار اور دوکانات بند رہے۔ رنگاریڈی، حیدرآباد و محبوب نگر کی شاہراہوں پر ٹریفک مسدود رہی۔