جئے سوریہ، سری لنکا کے سلکشن پیانل سے مستعفی

کولمبو ۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کرکٹ انتظامیہ میں حالیہ ردوبدل کے بعد سابق کپتان سنت جئے سوریہ کی قیادت میں اس ملک کی قومی ٹیم کا انتخاب کرنے والے پیانل نے اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ جئے سوریہ کی زیرقیادت پیانل کی میعاد قریب الختم تھی لیکن عبوری انتظامیہ نے موجودہ سلیکٹرس کو مزید توسیع نہ دینے کا اشارہ کیا تھا۔ جئے سوریہ کی میعاد 31 مارچ کو ختم شدنی تھی لیکن سری لنکا کرکٹ انتخابات کی مسنوخی کے سبب میعاد میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔ وزیراسپورٹس نوین دیس نائیکے کے نام اپنے مکتوب استعفیٰ میں جئے سوریہ نے لکھا ہیکہ مجھے اس بات پر خوشی اور فخر ہیکہ میری میعاد کے دوران سری لنکا کی ٹیم ٹی ۔ 20 میں عالمی چمپیئن کی حیثیت سے ابھری ہے۔ ایشیاء کپ میں فتح حاصل ہوئی اور انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی، جس کا طویل عرصہ سے انتظار کیا جارہا تھا‘‘۔