جئے دیو کو نٹ پریکٹس کیلئے ماہانہ 18ہزار روپئے ادا کرنے پڑتے ہیں

نئی دہلی ۔29مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ صرف ہندوستان میں ہوتا ہے جہاں ایک کھلاڑی جو کہ عنقریب بین الاقوامی سطح پر ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کرنے والا ہوتا ہے لیکن اس کے آبائی شہر میں پریکٹس کیلئے اسے بہتر بنیادی سہولیات فراہم نہیں ہوتی اور کھلاڑی کو بہتر پریکٹس کیلئے اپنی جیب سے فیس ادا کرنی پڑتی ہے ۔ ایسے ہی حالات کیدرجئے دیو کے بھی ہیں جنہیں آئندہ ماہ بنگلہ دیش کے خلاف منعقد شدنی تین مقابلوں کی ونڈے سیریز کیلئے ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا ہے لیکن انہیں اآبائی شہر میں پریکٹس کیلئے بہتر سہولیات دستیاب نہیں ہے ۔ اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے جئے دیو نے کہا کہ میں گذشتہ 14برس سے پونے کے دکن جمخانہ کلب کی نمائندگی کرتاہوں اور انہوں نے بنگلہ دیش دورہ کے ضمن میں ایک بہتر وکٹ تیار کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ اب جبکہ مجھے بنگلہ دیش کے دورہ میں ہندوستان کی نمائندگی کرنا ہے لیکن انتظامیہ نے اس کی تیاری کیلئے ایک بہتر وکٹ فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ جئے دیو نے مزید کہا کہ وہ کرکٹ اکیڈیمی میں 22یارڈس کی وکٹ کیلئے ماہانہ 18ہزار روپئے ادا کررہے ہیں ۔ 29سالہ جئے دیو آئی پی ایل دہلی ڈیر ڈیولس کے لئے بہتر مظاہرہ کرچکے ہیں لیکن ٹیم کا مجموعی طور پر مظاہرہ انتہائی مایوس کن ہے ۔