نئی دہلی ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی سرفہرست ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے فیصلہ کیا ہیکہ وہ اب دنیا کی سابق عالمی نمبر ایک سوئٹزرلینڈ کی اسٹار کھلاڑی مارٹینا ہنگیز کے ساتھ جوڑی بنائیں گی اور اس طرح چار ٹورنمنٹس میں چینی تائی پائی کھلاڑی ہش سو وی کے ساتھ اپنی ساجھیداری ختم کرلی ہے۔ مذکورہ کھلاڑی کے ساتھ ثانیہ نے دبئی اور آسٹریلین اوپن کے دوسرے راونڈ میں شکست برداشت کی جبکہ برسبین ایونٹ میں انہیں سیمی فائنل میں شکست ہوئی تھی اور گذشتہ ہفتہ دوحہ میں منعقدہ ٹورنمنٹ میں وہ فائنل میں ناکام ہوئی ہیں ۔ ثانیہ نے کہا ہیکہ سو وی کے ساتھ چار ٹورنمنٹس میں شرکت کے باوجود نتائج حوصلہ افزاء نہیں رہے ہیں اس لئے میں نے نئی جوڑی بنائی ہے۔