حیدرآباد ۔2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی فضائیہ کے عہدیدار ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان ہندوستان پہنچے تو سب نے خوشیاں منائیں ہیں۔ ونگ کمانڈر کے ہندوستان پہنچنے پر ملک بھر میں خوشی اور جشن کا ماحول رہا۔ ابھینندن کے ہندوستان لوٹنے کے بعد ایر وائس مارشل ار جی جے کپور نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ونگ کمانڈر ابھینندن کو ہمیں سونپ دیا گیا ہے۔ ابھینندن کی رہائی پر ہر طرف سے خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے۔ سیاستدانوں سے لے کر بالی ووڈ اورکھیل تک کی سبھی شخصیات نے وطن واپسی پر ان کا خیر مقدم کیا ہے۔ اسی سلسلہ میں ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بھی ٹویٹ کرکے ان کا خیر مقدم کیا۔ انہوں لکھا کہ آپ اصل میں ہیرو ہیں ، پورا ملک آپ کو سلام کرتا ہے۔ خیال رہے کہ جمعرات کو پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اپنی پارلیمنٹ میں ونگ کمانڈر کو ہندوستان کو واپس کرنے کا اعلان کیا تھا۔ عمران خان نے کہا تھا کہ وہ امن کی پہل کے تحت یہ قدم اٹھارہے ہیں۔