ثانیہ مکسڈ ڈبلس کے سیمی فائنلس میں داخل

نیویارک ۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی نمبر ایک ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا یہاں کھیلے جارہے سیزن کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن میں مکسڈ ڈبلس کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ تاہم ان کے ہم وطن کھلاڑی لینڈر پیس غیرمتوقع طور پر شکست کے بعد ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔ سرفہرست کھلاڑی ثانیہ مرزا اور ان کے برازیلی ساتھی کھلاڑی برونو سوریز نے ایک اور ہندوستانی کھلاڑی روہن بوپنا اور ان کی سلوانیہ کی ٹینس اسٹار کیٹرینہ سریبوٹنک کو ایک سخت مقابلہ کے بعد 7-5، 2-6، 10-5 سے شکست دی۔ کوارٹر فائنلس میں سخت مقابلہ کے بعد کامیابی حاصل کرنے والی ثانیہ ۔ سوریش جوڑی کا سیمی فائنل میں مقابلہ چینی تائی پائی کی کھلاڑی یانگ جانگ چھان اور برطانوی ٹینس اسٹار روس ہٹچنس سے ہوگا۔ حیدرآبادی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے خاتون زمرہ کے ڈبلس میں کارا بلیک کے ساتھ جوڑی بناتے ہوئے چیک جمہوریائی اور سربیائی کھلاڑیوں پر مشتمل جوڑی کلارا کوکال ووا اور یلینا یانکووچ کو 6-3 ، 6-2 سے شکست دی ہے۔ سیمی فائنل میں ثانیہ جوڑی کا مقابلہ چین کی ییفانزو اور قزاقستان کی زرینہ ڈییاس سے ہوگا۔ ثانیہ مرزا کو یو ایس اوپن ٹورنمنٹ میں ہنوز کوئی خطاب حاصل نہیں ہوا ہے۔ دریں اثناء ہندوستان کے سینئر ٹینس اسٹار لینڈر پیس اور ان کے چیک جمہوریائی کھلاڑی راڈیک اسٹپنیک کو اسپین کے مارسل گرانولر اور مارک لوپیس کے خلاف 2-6، 6-4 اور 1-6 کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔