ثانیہ مرزا خاتون زمرے کا گرانڈ سلام جیتنے کی خواہاں

ممبئی۔20نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سیزن کے اختتام پر زمبابوے کی ساتھی کھلاڑی کارا بلیک کے ہمراہ ڈبلیو ,ی اے ورلڈ ٹور فائنل خطاب حاصل کرنے کے باوجود مطمئن نظر نہ آرہی ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ وہ ٹینس کو خیرباد کہنے سے قبل خاتون زمرے میں ڈبلز گرانڈ سلام خطاب حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہار خیال کرتے ہوئے سونی پکس کے ایونٹ میں ثانیہ مرزا نے کہا کہ میں یقیناً خاتون زمرے میں ڈبلز گرانڈ سلام خطاب کی خواہاں ہوں ‘ جیسا کہ میں اب ورلڈ چمپئن شپس اپنے نام کرنے کے علاوہ مکسڈ ڈبلز زمرے میں تین مرتبہ خطابات حاصل کرچکی ہوں ۔ ثانیہ مرزا نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ٹینس کریئر کو ختم کرنے سے قبل انہیں امید ہے کہ وہ گرانڈ سلام خطاب حاصل کرلیں گی ۔ گرانڈ سلام میں ثانیہ مرزا کا بہترین مظاہرہ 2011ء فرنچ اوپن میں رہا جہاں وہ اپنی روسی ساتھی کھلاڑی ایلینا وسنینا کے ہمراہ فائنل تک رسائی حاصل کی تھی ۔