سنگاپور ۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور ان کی زمبابوے کی ساتھی کھلاڑی کارا بلیک ایسی چوتھی جوڑی بن گئی ہیں جوکہ سیزن کے آخر میں کھیلے جانے والے ٹورنمنٹ بی این پی پریباس ڈبلیو ٹی اے فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ہے جو کہ آئندہ ماہ سنگاپور میں منعقد شدنی ہے۔ ثانیہ مرزا کی اس ایونٹ میں پہلی مرتبہ رسائی ہوئی ہے جبکہ ان کی ساتھی کھلاڑی بلیک گیارہویں مرتبہ سیزن کے اختتامی ٹورنمنٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گی جبکہ بلیک نے گذشتہ 10 برسوں کے دوران 3 مختلف ساتھی کھلاڑیوں ایلینا لیکورسیوا، رینی اسٹپس اور لیزل ہور کے ساتھ شرکت کرچکی ہیں۔ ثانیہ اور ان کی ساتھی کھلاڑی کارا بلیک دنیا کی 8 بہترین ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے ٹورنمنٹ میں شرکت کررہی ہیں اور یہ جوڑی سارا ایرانی اور ان کی ساتھی کھلاڑی روبیریٹا بینسی، ایکترینا ماکارووا اور ایلینا ویسلینا کے علاوہ دفاعی چمپیئن پن شوئی اور ہیش سووی کے ساتھ شامل ہوگئی ہے۔ ثانیہ مرزا نے اپنے ڈبلیو ٹی اے بیان میں کہا ہیکہ کارا اور میں کافی مسرور ہیں کہ ہم نے سیزن کے آخر میں کھیلے جانے والے ڈبلیو ٹی اے فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ہے اور اس ٹورنمنٹ میں چونکہ دنیا کی 8 بہترین جوڑیوں کی ہی رسائی ہوتی ہے لہٰذا میں بہتر مظاہرہ کیلئے پرعزم ہوں۔ ثانیہ نے مزید کہاکہ میں پہلی مرتبہ جبکہ کارا ماں بننے کے بعد پہلی مرتبہ اس ٹورنمنٹ میں شرکت کررہی ہے لہٰذا ہم جشن منانے کیلئے فتوحات حاصل کریں گے۔ نیز ہماری جوڑی کیلئے رواں سیزن کافی شاندار رہا ہے۔