ثانیہ جوڑی کو آسٹریلین اوپن کے فائنل میں شکست

سڈنی ۔29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو آسٹریلین اوپن مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں شکست ہوگئی۔ فائنل میں ثانیہ مرزا اور ان کے کروشین پارٹنر آئیوان ڈودیگ کا مقابلہ امریکہ کی ابیگال اسپئیرز اور کولمبیا کے سباسشین کیبل سے ہوا۔ امریکہ اور کولمبیا کی جوڑی میچ میں چھائی رہی اور پہلا سٹ 6-2 سے جیت کر برتری حاصل کرلی۔ ثانیہ جوڑی  دوسرے سٹ میں بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ابیگال اسپئیرز اور سباسشین کیبل نے 6-4  سے کامیابی کے ساتھ آسٹریلین اوپن مکسڈ ڈبلز کا خطاب اپنے نام کرلیا۔ثانیہ جوڑی کو مقابلہ میںاز خود غلطیوں کا خمیازہ بھگتنا پڑا جیسا کہ ڈودیگ کے راکٹ سے کئی غلطیاں سرزد ہوئیں۔ ثانیہ اور ڈودیگ جوڑی کو یہ دوسری مرتبہ فائنل میں شکست برداشت کرنی پڑی کیونکہ 2016ء فرنچ اوپن کے فائنل میں بھی اس جوڑی کو لینڈر پیئس اور مارٹینا ہنگس کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ ثانیہ کو پہلا گرانڈ سلام خطاب یہیں آسٹریلین اوپن میں حاصل کرنے کا 2009ء میں موقع ملا تھا جب انہوں نے مہیش بھوپتی کے ہمراہ جوڑی بناتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔