ووہان۔5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )7ویمنز ڈبلز ٹینس خطابات جیتنے والی ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس کی جوڑی سیلفی کی دیوانی ہے۔ایک اسپورٹس ویب سائٹ کے مطابق دونوں ٹینس اسٹار ہرفائنل جیتنے کے بعد ٹرافی وصول کرنے سے قبل سیلفی ضرور بناتی ہیں۔ووہان میں ویمنز ڈبلز ٹائٹل جیتنے کے بعد اسٹک سے سیلفی بنانے کا منظر کورٹ میں موجود کئی کیمروں نے محفوظ کرلیا اور بعدازاں وہی تصویر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر پسندید ہ بن گئی۔ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس کی یہ نئی تصویر اس وقت سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر موضوع بحث ہے اور بیحد پسند کی جارہی ہے۔ یاد رہے کہ حالیہ سیزن میں سوئٹزرلینڈ کی سابق نمبر ایک ٹینس اسٹار مارٹینا ہنگس کے ساتھ جوڑی بنانے کے بعد ثانیہ مرزا کو نہ صرف گرانڈ سلام بلکہ تقریباً جس ٹورنمنٹ میں بھی شرکت کا موقع ہوا ، خطاب کے حصول کے امکانات کافی بڑھ چکے ہیں۔