نیویارک ۔ یکم ستمبر(سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان کے ڈبلز کے ماہر کھلاڑیوں میں شامل ثانیہ مرزا اور روہن بوپنا نے یو ایس اوپن میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ دوسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ثانیہ نے چینی ساتھی کھلاڑی شوئی پنگ کے ہمراہ کروشیائی جوڑی پٹرا مارٹک اور ڈونا ویک کے خلاف 6-4،6-1 کی کامیابی حاصل کی جبکہ روہن نے اپنے ساتھی پابلو کوویس کے ساتھ امریکی جوڑی براڈی کلان اور لپسکی کو 1-6،6-3،6-4 سے شکست دی۔
آسٹریلیاکو شکست‘جاپان کی ورلڈ کپ میں رسائی
ٹوکیو۔ یکم ستمبر(سیاست ڈاٹ کام ) فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں جاپان نے آسٹریلیا کو 2-0 سے شکست دے کر ورلڈ کپ 2018 کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔جاپان میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ میں میزبان ٹیم کا مقابلہ آسٹریلیا کیساتھ ہوا، اہم میچ میں جاپانی کھلاڑیوں نے کھیل کے آغاز سے ہی شاندار مظاہرہ کیا وہ پہلے ہاف کے اختتام سے چند منٹ قبل حریف ٹیم پر ایک گول کی برتری لینے میں کامیاب ہو گئے۔جاپان کی ٹیم نے آسٹریلیا کیخلاف حملوں کا سلسلہ جاری رکھا، میچ کے 82 ویں منٹ میں وہ ایک مرتبہ پھر گیند کو مخالف گول پوسٹ میں پہنچانے میں کامیاب ہو گئے۔آسٹریلیا کی ٹیم بھرپور کوشش کے باوجود گول نہ کر سکی، اس شاندار فتح نے جاپان کو عالمی کپ 2018 کا ٹکٹ دلوا دیا ہے۔