ثانیہ، بوپنا چائنا اوپن کے کوارٹرفائنل میں داخل

بیجنگ۔4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی اسٹار کھلاڑی ثانیہ مرزا اور مردوں کے ڈبلز کھلاڑی روہن بوپنا نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ چائنا اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے کوارٹرفائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے ۔ عالمی درجہ بندی میں 9 ویں نمبر کی کھلاڑی ثانیہ نے اپنی چینی جوڑی شوائی پینگ کے ساتھ آخری 16 راونڈ زمرے کے مقابلے میں ڈیمی شورس اور ایلس مینٹس کی جوڑی کو راست سٹوں میں 7-5، 6-2 سے شکست دی۔ ٹورنمنٹ میں تیسری سیڈ ثانیہ ۔شوائی جوڑی کو پہلے دور میں بائی ملی تھی۔ اب سیمی فائنل میں داخلہ کے لئے چینی تائی پے کی ہائو چنگ یان اور کورنیٹ ایلائز اور کیٹرینا سینیاکووا اور باربورا اسٹرائیکووا کی جوڑی کے مابین فاتح سے ان کا مقابلہ ہوگا ۔ دوسری جانب مردوں کے ڈبلز ہندوستانی کھلاڑی ایک مرتبہ پھر سے یوروگوئے کے پابلو کیوواس کے ساتھ جوڑی بناکر کھیل رہے ہیں اور انہوں نے چین کی وائلڈ کارڈ جوڑی گونگ ماؤشن اور زانگ زی کو آخری 16 میں یکطرفہ مقابلہ میں 6-0، 6-4 سے شکست دے کر کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی ۔ وہ اگلے میچ میں ہینری کونٹنین اور جان پیئرس کی چوٹی سیڈ جوڑی سے مقابلہ کریں گے ۔