تیونس کے رکن پارلیمنٹ کے قتل کا مشتبہ ملزم گرفتار

تیونس۔ 9؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ تیونس کی فوج نے جو گزشتہ جولائی کے اپوزیشن سیاستداں محمد براہیمی کے قتل کے مشتبہ ملزم کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں مصروف تھی، آخرکار اسے گرفتار کرلیا۔ وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ براہیمی دو اپوزیشن سیاستدانوں میں سے ایک تھے جنھیں گزشتہ سال مشتبہ جہادیوں نے ہلاک کردیا تھا جب کہ تیونس اسلام پسندوں کے تشدد سے دہل گیا تھا۔ تیونس 2011ء میں انقلاب ’’بہارِ عرب‘‘ کا مبدا بھی رہ چکا ہے۔ فوج نے دارالحکومت کے قریب ایک مکان کا محاصرہ کرلیا تھا جہاں ایک دہشت گرد گروپ محصور تھا۔ فائرنگ کے تبادلہ کے بعد 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔