تیواری کی اپنے حیاتیاتی بیٹے کی ماں سے شادی

لکھنو 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس قائد این ڈی تیواری نے اپنے حیاتیاتی بیٹے روہت شیکھر کی ماں اوجولا شرما سے جن کے ساتھ اُنھوں نے 6 سال تک قانونی جنگ کی تھی، شادی کرلی۔ کل اُن کی مال ایونیو پر واقع رہائش گاہ میں شادی کی تقریب منعقد کی گئی۔ 67 سالہ اوجولا شرما نے کہاکہ شادی روایتی انداز میں ہوئی۔ تیواری چاہتے تھے کہ اپنے رشتہ کو سماجی توثیق عطا کریں۔ یہ رشتہ بہت پرانا ہے اور ہمارا بیٹا 35 سال کا ہوچکا ہے۔ تمام افراد کو مدعو کیا جائے گا اور تمام قانونی رسوم کی تکمیل کی جائے گی۔ سابق چیف منسٹر یوپی تیواری ، ریٹائرڈ ٹیچر اوجولا شرما کے ساتھ شیکھر کو اپنا بیٹا تسلیم کرنے کے سلسلہ میں 6 سال تک قانونی جنگ میں ملوث رہ چکے ہیں۔ اوجولا شرما قبل ازیں جاریہ ماہ تیواری کی قیامگاہ کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کرچکی ہیں جس کے بعد اُنھیں مکان میں داخلہ کی اجازت دی گئی تھی اور وہ اِسی وقت سے تیواری کے ساتھ مقیم ہیں۔ دہلی ہائیکورٹ نے 22 اپریل کو تیواری کو روہت کا حیاتیاتی باپ قرار دیا تھا۔ عدالتی فیصلہ سے پہلے ہی تیواری نے روہت کو اپنا بیٹا تسلیم کرلیا تھا۔ روہت نے 2007 ء میں ولدیت کا مقدمہ سینئر کانگریس قائد کے خلاف دائر کیا تھا اور تیواری اور اوجولا شرما کو اپنے حیاتیاتی والدین قرار دیا تھا۔ تیواری 3مرتبہ یوپی اور ایک مرتبہ اتراکھنڈ کے چیف منسٹر اور آندھراپردیش کے ایک مرتبہ گورنر رہ چکے ہیں۔