تین طلاق کے مسلئے کو سیاسی رنگ دینے والی سائرہ بانو کی بی جے پی میں شمولیت متوقع

دہرادون۔تین طلاق کی مہم سے سرخیوں میںآنے والی اتراکھنڈ کی سائرہ بانو توقع ہے کہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرسکتی ہیں۔اسی ضمن میں سائرہ بانو نے اپنے والد اقبال احمد کے ہمراہ بی جے پی کے ریاستی صدر اجئے بھٹ سے بھی ملاقات کی ۔

بھٹ سے ملاقات کے دوران انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا۔بھٹ نے کہاکہ ’’ سائرہ بانو نے آج مجھ سے ملاقات کی تھی۔اب وہ مشہور چہرہ بن گئی ہیں اور ہماری پارٹی میں ان کا استقبال کرنے میں ہمیں کافی خوشی ہوگی‘‘۔

سائرہ نے 2016میں سپریم کورٹ میں تین طلاق کے خلاف درخواست پیش کی تھی۔انہوں نے مطالبہ کیاتھا کہ شوہر کی طرف سے دئے گئے تین طلاق کو خارج کیاجائے۔اس کے بعد ان کی درخواست میں چار دیگر خواتین بھی جڑ گئی تھیں۔بھارتیہ مسلم مہیلا اندولن کی اس معاملے میں اٹھ درخواستیں تھیں۔

اگست2017میں سپریم کورٹ نے تین طلاق کو غیر دستوری قراردیاتھا۔سائرہ نے بتایا کہ مسلم سماج میں تین طلاق ‘ نکاح ہلالہ اور غیرمساوی جائیداد کا حق جیسے رسومات کی بنیاد پر ہمیشہ سے ہی عورتوں پر مظالم ڈھائے جاتے ہیں۔ اب بانو بہت جلد ہی سیاست میں داخلہ لینے والی ہیں۔

انہو ں نے بتایا کہ وہ جلد ہی اس پر فیصلہ لیں گی۔انہوں نے بتایا کہ میں پارٹی( بی جے پی) کے لئے کام کرتے ہوئے خواتین کے حقوق کے لئے کام کرنا چاہتی ہوں‘‘۔