تین سالہ بیٹی کا قتل کرنے والے والدین کو سزائے موت

کویت سٹی ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کویت کی ایک عدالت نے ایسے سفاک والدین کو سزائے موت سنائی ہے جو اپنی ہی تین سالہ معصو بیٹی کے قتل میں ملوث پائے گئے۔ والدین نے اپنی بیٹی کو اس قدر زدوکوب کیا کہ وہ فوت ہوگئی۔ حیرت انگیز بات یہ ہیکہ یہ واقعہ گذشتہ سال مئی میں رونما ہوا تھا اور متوفیہ کے والدین نے اس کی نعش ایک ہفتہ تک گھر کے فریرز میں چھپا کر رکھی۔ 26 سالہ والد سالم بوہان اور 23 سالہ والدہ عامرہ حسین کو قتل کا ملزم قرار دیا گیا۔ تین سالہ متوفیہ کے جسم پر جلائے جانے کے نشانات بھی پائے گئے تھے۔ وزارت داخلہ کے مطابق والدین منشیات کے عادی تھے اور وہ تین سالہ بیٹی کے مسلسل رونے پر آگ بگولہ ہوگئے تھے اور پیٹ پیٹ کر اس کی جان لے لی۔ یہ فیصلہ قطعی نہیں ہے کیونکہ ملزمین اس فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرسکتے ہیں۔ کویت میں سزائے موت تختۂ دار پر لٹکا کردی جاتی ہے۔