نئی دہلی ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی (ایم) نے آج کہاکہ مابعد انتخابات 1996ء جیسی صورتحال کا اعادہ ہوگا اور بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کانگریس بھی سیکولر جماعتوں کی کسی حکومت کی تائید کیلئے مجبور ہوجائے گی۔ مارکسیس کمیونسٹ پارٹی نے اس امکان کو بھی مسترد نہیں کیا کہ نریندر مودی کی زیرقیادت بی جے پی، این ڈی اے کو اقتدار سے دور رکھن کیلئے انا ڈی ایم کے بھی تیسرے محاذ میں شامل ہوجائے گی جس طرح 1996ء میں کانگریس کے باہر سے تائید کے ساتھ دیو گوڑا کی زیرقیادت سیکولر تیسرے محاذ کی سیکولر حکومت کا قیام عمل میں لایا گیا تھا، سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے کہاکہ ’’یہ بات انتخابی نتائج پر منحصر ہوگی۔ ایک ایسی صورتحال پیدا ہوگی جہاں کانگریس کو ایک متبادل سیکولر جماعت کے قیام کی کوششوں میں کلیدی رول ادا کرنا ہوگا‘‘۔
پرکاش کرت نے مزید کہا کہ ’’اگر کانگریس نہیں چاہتی کہ مرکز بی جے پی کی زیرقیادت حکومت تشکیل نہ پائے تو اس متبادل سیکولر حکومت کے قیام کیلئے اہم رول ادا کرنا ہوگا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ کئی علاقائی جماعتیں ہیں جو طاقتور ہیں اور بی جے پی کے خلاف مقابلہ کررہی ہیں۔ یہ جماعتیں تشکیل حکومت کیلئے بی جے پی میں شامل نہیں ہوں گی۔ پرکاش کرت نے کہا کہ ’’چند ایسی بھی سیکولر جماعتیں ہیں جو موقع پرستانہ انداز میں بی جے پی سے مفاہمت کی ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ وہ (جماعتیں) کون ہیں لیکن اکثر علاقائی جماعتیں غیر کانگریس اور غیر بی جے پی زمرہ کی ہیں۔