نئی دہلی ۔ 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کرکٹ کھلاڑی شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ میری پیدائش 1975 میں بھی نہیں ہوئی، کتاب میں غلط معلومات لکھ دی گئی ہیں، میری پیدائش سال 1977 میں ہوئی تھی، جب تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنایا اس وقت عمر 16 نہیں بلکہ 19 سال تھی۔ اس طرح سے شاہد آفریدی نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے جھوٹ کا اعتراف کر لیا ہے ۔ آل راؤنڈر نے اعتراف کیا ہے کہ 1996 میں جب بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا، اس وقت میری عمر16سال نہیں بلکہ 19سال تھی۔آفریدی نے ایک اور اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا انہیں پہلے سے ہی علم تھا۔ سٹے باز مظہر مجید نے اپنا فون مرمت کیلئے جس دکان پر دیا تھا اتفاق سے دکان کا مالک میرے دوست کا دوست نکلا۔مظہر مجید کے فون سے پاکستانی کھلاڑیوں کو کیے گئے پیغامات ملے ۔ انہوں نے ٹیم مینجمنٹ کو ثبوت دکھائے مگر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔میں نے یہ پیغامات وقار یونس سے بھی شئیر کیے ۔