لوک سبھا کا انتخابی نتیجہ سازش سے حاصل کیا گیا ، پارٹی کی رائے
پٹنہ۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی نے آج پارٹی کے حالیہ اختتام پذیر عام انتخابات میں ناقص مظاہرہ کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نتیجہ سازش کے ذریعہ حاصل کیا گیا۔ پارٹی کی رائے سے میڈیا والوں کو سینئر لیڈر جگدانند سنگھ نے واقف کرایا۔ سینئر پارٹی لیڈر رابڑی دیوی اور ان کے بیٹے تیجسوی یادو نے آر جے ڈی کے 19 لوک سبھا امیدواروں کے ساتھ دن بھر طویل میٹنگ منعقد کی جس کے بعد پارٹی کے موقف کا اظہار کیا گیا۔ جگدانند نے جو خود مرکزی وزیر اشونی کمار چوبے کے مقابل بکسر نشست سے ہار گئے ، کہا کہ پارٹی قائدین نے تیجسوی یادو پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے تیجسوی کی محنت کی تعریف و ستائش کی اور بتایا کہ آر جے ڈی لیڈر نے جملہ 235 انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ تیجسوی صدر پارٹی لالو پرساد یادو کے چھوٹے بیٹے ہیں اور انہیں عملاً سیاسی وارث سمجھا جاتا ہے۔