تہواروں کے پرامن انعقاد کیلئے اقدامات کی ہدایت

نظام آباد:20؍ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)انچارج ایس پی مسٹر پانڈو نائیک نے ضلع کے پولیس عہدیداروں کو احکامات جاری کرتے ہوئے درگا اتسو، عیدالاضحی اور بتکماں تہوار کے پرُ امن انعقاد کیلئے ضلع کے پولیس عہدیداروں کو اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ضلع کے ڈی ایس پی، سرکل انسپکٹرس، سب انسپکٹرس اس پر سختی کے ساتھ عمل کرنے کی ہدایت دی ۔مسٹر پانڈو نائیک نے کہا کہ ضلع میں منعقد کئے جانے والے عیدو تہوار کیلئے پرُ امن ماحول کے قیام اور حالات کو ساز گار رکھنے کیلئے بندوبست کرنے اور ضلع کے تمام پولیس اسٹیشنوں میں روڈی شیٹرس اور مشتبہ حالت میں گھومنے والوں پر نظر رکھنے اور پٹرولنگ کو باقاعدہ بنانے، پولیس کے دستوں کا قیام، رات کے اوقات میں گاڑیوں کی تنقیح، پولیس اور عوام کے درمیان بہتر تعلقات قائم کرنے اور امن کمیٹیوں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ان کی رائے حاصل کرنے کی خواہش کی۔