تھیم کو شکست دے کر فیڈرر نے کی واپسی

لندن، 14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چھ مرتبہ کے چیمپئن سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے خراب آغاز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اے ٹی پی فائنلس کے اپنے دوسرے میچ میں ڈامنک تھیم کو مسلسل سیٹوں میں چھ۔دو، چھ۔تین سے شکست دے کر ناک آؤٹ راؤنڈ میں اپنی امیدیں برقرار رکھ لی ہیں۔37 سال کے فیڈرر کی 16 ویں اے ٹی پی فائنلس میں شروعات خراب رہی تھی اور وہ اپنا پہلا ہی مقابلہ جاپان کے کیئی نشیکوری سے ہار گئے تھے ۔ اس کے بعد فیڈرر نے اپنے پریکٹس سیشن میں بھی حصہ نہیں لیا لیکن اپنے دوسرے میچ میں انہوں نے آسٹریلیا کے تھیم کو آسانی سے شکست دے کر واپسی کی۔ اگرچہ سوئس کھلاڑی کو فرنچ کھلاڑی جولین بنتیاو کے اس بیان سے کچھ پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جس میں انہوں نے منتظمین پر فیڈرر کو خاص توجہ دینے کا الزام لگایا۔فیڈرر نے تھیم کے خلاف میچ کے بعد اس سلسلے میں پوچھے جانے پر کہا، "مجھے نہیں لگتا کہ ان کے بیانات پر مجھے کوئی رائے دینے کی ضرورت ہے ۔ میں ان چیزوں میں کچھ اضافہ کرنے کے بجائے کچھ نہیں کہنا چاہوں گا تاکہ صحافیوں کو اس پر لکھنے کا موقع نہ ملے ۔
"فیڈرر اے ٹی پی فائنلس کے اپنے گزشتہ 15 ایڈیشنوں میں صرف ایک بار ہی سیمی فائنل میں پہنچنے سے چوکے ہیں لیکن پہلا میچ ہارنے کے بعد اب ان کے اگلے میچ میں گروپ میں سرفہرست کیون اینڈرسن کو مسلسل سیٹوں میں ہرانا ہو گا۔راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں جیتنے کے باوجود فیڈرر کی امیدیں بنی رہ سکتی ہیں لیکن اس کے لیے انہیں تھیم اور نشیکوری کے درمیان میچ کے فیصلے کا انتظار کرنا ہوگا۔اس سے پہلے اینڈرسن نے جاپانی ا سٹار نشیکوری کو چھ۔صفر اور چھ ۔ایک سے شکست دے کر یکطرفہ جیت اپنے نام کی اور وہ اسی کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچنے کے قریب ہیں۔ جنوبی افریقہ کھلاڑی نے پہلے 11 گیم جیتے اور 64 منٹ میں نشیکوری کو شکست دی جو پہلے میچ میں فیڈرر کو شکست دے کر کافی مضبوط نظر آرہے تھے ۔32 سالہ اینڈرسن نے ایک سال میں 47 میچ جیتے ہیں جو ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی ہے ۔ وہ جولائی میں پہلی مرتبہ ومبلڈن فائنل میں بھی پہنچے تھے ۔