تھریمینے کی سنچری، سری لنکا 296/6

فتح اللہ (بنگلہ دیش) ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایشیاء کپ 2014ء کے افتتاحی مقابلہ میں سری لنکا نے اپنے اوپنر لہیرو تھیریمینے کی ونڈے کیریئر میں دوسری سنچری کی بدولت یہاں پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 296/6 کا اسکور بنایا ہے۔ تھیریمینے نے 110 گیندوں میں 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 102 رنز اسکور کرنے کے علاوہ دوسری وکٹ کیلئے سینئر بیٹسمین کمارا سنگاکارا کے ہمراہ 163 رنز کی پارٹنر شپ نبھاتے ہوئے یہاں خان صاحب عثمان علی اسٹیڈیم میں اپنی ٹیم کیلئے ٹھوس شروعات فراہم کی۔ سنگارکارا نے 65 گیندوں میں 8 چوکوں کی مدد سے 67 رنز اسکور کئے۔ پاکستانی ٹیم نے مقابلہ کے درمیانی اوورس میں یکے بعد دیگرے وکٹوں کے حصول کے ذریعہ مقابلہ میں واپسی کی کوشش کی جیسا کہ 245 رنز پر پاکستانی بولروں نے 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کرلیا تھا

لیکن مڈل آرڈر میں کپتان انجیلیو میتھیوس نے 50 گیندوں میں 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل تسخیر 55 رنز بنانے کے علاوہ چنڈیمل نے بھی 19 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 19 رنز اسکور کرتے ہوئے کپتان کا بہترین ساتھ نبھایا۔ پاکستان کیلئے عمرگل نے 38 رنز اور شاہد آفریدی نے 56 رنز کے عوض فی کس 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ سعید اجمل 50 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ سری لنکا کیلئے دیگر بیٹسمینوں میں اوپنر کوسل پریرا نے 14 رنز، مہیلا جئے وردھنے نے 19 گیندوں میں صرف 13 رنز اسکور کئے۔ سنگاکارا جوکہ شاندار فام میں موجود ہیں، انہوں نے مقابلہ کے 27 اوور میں اپنے کیریئر کی 84 ویں نصف سنچری مکمل کی۔