تھانہ کی عدالت میں راہول گاندھی کی حاضری

تھانہ ( مہاراشٹرا ) ۔ 8 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج مہاتما گاندھی کے قتل کے لیے آر ایس ایس کو مورد الزام ٹہرانے پر دائر ہتک عزت کیس کے سلسلہ میں بھیونڈی کی ایک عدالت میں حاضر ہوئے ۔ جب کہ سپریم کورٹ نے کل ہی اس کیس میں ان کے خلاف کارروائی پر حکم التواء جاری کیا تھا ۔ کانگریس لیڈر نے مجسٹریٹ ڈی پی کالے کے روبرو حالت اصالتاً حاضری دی جیسا کہ ان کے وکیل نے 30 اپریل کو انہیں پیش کرنے کا تیقن دیا تھا ۔ بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت کو 30 ستمبر تک ملتوی کردی ۔ راہول گاندھی نے تقریبا 15 منٹ عدالت کے احاطہ میں گذارے اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدالت کو دئیے گئے وعدہ کی پابندی کے لیے یہاں آئے ہیں چونکہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں ۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ گاندھی جی کی لڑائی اب ہماری ہوگئی ہے ۔ اور ہم لڑتے ہوئے کامیابی حاصل کریں گے ۔ کانگریس لیڈر آج صبح ممبئی پہنچے اور سیدھے تھانہ روانہ ہوگئے ۔ واضح رہے کہ گاندھی جی کے قتل کے لیے آر ایس ایس کو مورد الزام ٹہرانے پر بھیونڈی کے ایک سنگھ لیڈر نے راہول گاندھی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے ۔ اور اس کیس میں مزید کارروائی پر سپریم کورٹ نے کل ہی حکم التواء جاری کیا ہے ۔۔