تکریت (عراق)۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عراقی فوج نے صدام حسین کے آبائی قصبہ تکریت پر دوبارہ قبضہ کرنے کیلئے جارحانہ کارروائی کے قطعی مرحلے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ ایک فوجی عہدیدار نے کہا کہ فیصلہ کن جنگ ملک کے ایران حمایت یافتہ نیم فوجی جنگجوؤں کی مدد سے کی جائے گی۔ یہ جنگجو اب تک فوجی کارروائی میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ اس کی ایران کی جانب سے حمایت پر امریکہ کو سخت اعتراض ہے۔ نیم فوجی تنظیم کے ترجمان معین الخادمی نے آج کہا کہ کئی جنگجوؤں تکریت میں فوجی کارروائی کا مقاطعہ کریں گے کیونکہ یہ مضر اثرات مرتب کرے گا۔ بعدازاں عراقی فوج اور باغیوں کے درمیان جھڑپوں میں شدت پیدا ہوگئی۔ لیفٹننٹ جنرل عبدالوہاب السعدی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دولت اسلامیہ گزشتہ موسم گرما سے تکریت پر قابض ہے۔ چند گھنٹے قبل ہی امریکہ، دولت اسلامیہ کے خفیہ ٹھکانوں پر فضائی بمباری کرچکا ہے چنانچہ اب عراق کی فوج فیصلہ کن جنگ کی تیاری کررہی ہے تاکہ تکریت پر حکومت کا قبضہ بحال کیا جاسکے۔