دبئی ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک سعودی بلاگر رائف بداوی جسے 10 سال قید اور ایک ہزار کوڑوں کی سزا دی گئی ہے، اس کے کیس سے قریبی طور پر واقف ایک شخص کا کہنا ہیکہ مجرم کو کل نماز جمعہ کے بعد بحیرہ احمر کے ساحلی شہر جدہ میں سرعام کوڑے لگائے جائیں گے۔ اس شخص کا کہنا ہیکہ بداوی جو تین بچوں کا باپ ہے، اسے دیگر کیلئے عبرت کے طور پر سزا دی جارہی ہے۔ لندن نشین رائیٹس گروپ ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہیکہ بداوی کو 20 ہفتوں تک ہر ہفتہ 50 کوڑے مارے جائیں گے۔ بداوی کو یہ سزاء گذشتہ مئی میں ان الزامات پر سنائی گئی تھی کہ اس نے اپنے تشکیل شدہ ایک آن لائن فورم میں اسلام کی توہین کی۔