توانائی کی بچت، ونیزویلا میں ورکرس کیلئے صرف دو دنوں کا ہفتہ

کراکس ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ونیزویلا کی سوشلسٹ حکومت نے تمام سرکاری ورکرس کو یہ حکم دیا ہیکہ توانائی کے بحران سے دوچار ملک میں اس کی بچت کیلئے ہفتہ میں صرف دو روز ہی کام کیا جائے۔ یاد رہے ونیزویلا اوپیک کا جنوبی امریکی رکن ملک ہے۔ صدر نکولس مڈورو نے ونیزویلا کے 2.8 ملین ورکرس کو اپریل اور مئی کے دوران جمعہ کے روز بھی تعطیل کا اعلان کیا ہے تاکہ توانائی کی بچت کی جاسکے۔ تاہم جب یہ بچت بھی ناکافی نظر آئی تو صدر نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب چہارشنبہ، جمعرات اور جمعہ بھی تعطیل کے ایام میں شامل ہیں جن کا اطلاق پبلک سیکٹر اداروں اور دفاتر پر ہوگا۔ تجرباتی طور پر یہ سلسلہ کم از کم دو ہفتوں تک جاری رہے گا۔ صدر مڈورو نے اپنے ہفتہ واری ٹیلی ویژن پروگرام میں یہ بات کہی۔