تنڈولکر 2015ء ورلڈ کپ کی تشہیر کریں گے

میگا ایونٹ کیلئے کئی کھلاڑیوں کی خدمات کا منصوبہ : ٹورنمنٹ سی ای او
نئی دہلی ، 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ لجنڈ سچن تنڈولکر آئندہ سال کے اوائل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے 2015ء ورلڈ کپ کے فروغ میں ’’کچھ رول‘‘ ادا کریں گے، ٹورنمنٹ سی ای او جان ہارنڈن نے یہ بات کہی۔ ’’وہ (تنڈولکر) اس ورلڈ کپ کے زبردست تائیدی رہے ہیں۔ ابھی سے اُن کے رول کے تعلق سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے لیکن مجھے یقین ہے وہ اس ٹورنمنٹ کیلئے کچھ نہ کچھ رول ادا کریں گے۔ ہمیں کچھ انتظار کرنا اور دیکھنا ہوگا،‘‘ ہارنڈن نے یہاں نیوز ایجنسی پی ٹی آئی سے گفتگو میں یہ بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ تشہیری حکمت عملی کا حصہ یہ ہے کہ مختلف موجودہ اور سابق کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرتے ہوئے 14 فبروری ۔ 29 مارچ والے میگا ایونٹ کے تعلق سے بات کی جائے۔ آرگنائزرس نے گزشتہ ہفتے ممبئی اور دہلی میں دو ایونٹس کا اہتمام کیا جہاں سابق ہندوستانی کھلاڑیوں روی شاستری اور چیتن چوہان موجود تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ نومبر سے مزید سرگرم مہم کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ آسٹریلیا میں زبردست مقبول اور اُن کے خلاف اپنے بعض شاندار اننگز کھیلنے والے تنڈولکر نے گزشتہ نومبر ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا سنگ میل 200 واں ٹسٹ کھیلنے کے بعد مثالی انٹرنیشنل کیریئر کو خیرباد کہا ہے۔