تنڈولکر نے ووٹ ڈال کرسالگرہ کا آغازکیا

ممبئی ۔24اپریل ( سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر نے آج حق رائے دہی سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی 41ویں سالگرہ کا آغاز کیا ۔ حق رائے سے استفادہ کے بعد ٹیوٹر پر اپنے بیان میں کرکٹ کے سابق عظیم کھلاڑی نے میں نے ووٹ ڈالا ہے کیا آپ نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ؟ ۔ سچن نے مزید کہا ہے کہ ان کی سالگرہ کے دن کا ایک شاندار آغاز ہوا ہے کیونکہ ایک عظیم ملک کے ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ہے ۔ تنڈولکر کے قریبی ذرائع کے بموجب متحدہ عرب امارات جہاں انڈین پریمیئر لیگ کے ابتدائی مقابلے چل رہے ہیں وہاں سے سچن نے وطن واپسی کے بعد حق رائے دہی سے استفادہ کیا ہے اور سالگرہ کی تقریب شہر میں اپنے افراد خاندان اور قریبی دوستوں کے ساتھ منائی ہے ۔

اس موقع پر سچن تنڈولکر کے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ویراٹ کوہلی نے کہا کہ وہ سچن تنڈولکر کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہیں کیونکہ ان سے متاثر ہوکر کرکٹ کا آغاز کیا۔ دریں اثناء ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما جنہوں نے سچن تنڈولکر کے ساتھ ڈریسنگ روم میں کافی عرصہ گذارا ہے انہوں نے سچن کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی نیک خواہشات سابق کھلاڑی کے ساتھ رہے گی اور انہیں آج تک بھی سچن کے ساتھ ڈریسنگ روم میں گذارا ہوا وقت یادگار لمحات میں شامل رہے گا ۔ سچن تنڈولکر کے کرکٹ چھوڑنے کے بعد یہ پہلی سالگرہ ہے کیونکہ نومبر 2013ء میں اپنے آبائی میدان وانکھڈے اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 200واں ٹسٹ کھیلنے کے بعد سچن نے بین الاقوامی کوکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے ۔ سچن کو مبارکباد دینے والوں میں گوتم گمبھیر ‘ انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان ‘ ہندوستانی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر سریناتھ اور دیگر کئی قومی اور بین الاقوامی شخصیتیں شامل ہیں ۔