نئی دہلی ۔ 3 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ کے سابق عظیم کھلاڑی سچن تنڈولکر نے انڈین اولمپکس اسوسی ایشن کی جانب سے ریو اولمپکس کے لئے انہیں سفیر مقرر کرنے کی پیشکش کو قبول کرلیا ہے۔ بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو سفیر مقرر کئے جانے کے بعد مختلف گوشوں سے سخت تنقیدیں کی جارہی تھیں جس کے بعد انڈین اولمپک اسوسی ایشن نے سچن تنڈولکر کو سفیر مقرر کرنے کیلئے انہیں مکتوب لکھا تھا جس کو سچن نے قبول کرلیا ہے ۔ سچن تنڈولکر نشانہ باز ابھینیوبندرا کے ساتھ ہندوستان کے سفیر ہوں گے کیونکہ کرکٹر اور نشانہ باز نے انڈین اولمپک اسوسی ایشن کی پیشکش قبول کرلی ہے۔ اسوسی ایشن کے سکریٹری جنرل راجیو مہتا نے میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سچن نے ہماری پیشکش قبول کرتے ہوئے اولمپکس میں ہندوستانی جتھے کے سفیر بننے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔