نئی دہلی۔ 13 اگست (سیاست ڈاٹ کام) انا ڈی ایم کے قائد ایم تمبی دورائی آج متفقہ طور پر لوک سبھا کے ڈپٹی اسپیکر منتخب کرلئے گئے۔ اس طرح وہ اولین قائد بن گئے جو اس عہدہ پر دوسری مرتبہ فائز ہوں گے۔ 67 سالہ انا ڈی ایم کے قائد ایک تحریک کے بعد اس عہدہ کیلئے منتخب کئے گئے جو مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پیش کی تھی اور جس کی تائید وزیر خارجہ سشما سوراج نے کی۔ اس کے بعد ندائی رائے دہی کے ذریعہ انہیں متفقہ طور پر ڈپٹی اسپیکر منتخب کرلیا گیا جبکہ ارکان اپنی میزیں تھپتھپا کر اس انتخاب کی ستائش کررہے تھے۔ تمبی دورائی قبل ازیں 1985ء سے 1989ء تک ڈپٹی اسپیکر لوک سبھا رہ چکے ہیں۔ وہ اس عہدہ کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے واحد لیڈر تھے جبکہ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری مہلت کل ختم ہوگئی۔ برسراقتدار اتحاد میں 11 پارٹیاں اور اپوزیشن پارٹیوں نے ان کے انتخاب کی تائید کی اور مقابلہ سے گریز کیا۔ وہ لوک سبھا کی پانچویں میعاد کے لئے رکن ہیں اور تملناڈو کے انتخابی حلقہ کارور کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان کی پارٹی کانگریس کے بعد اپوزیشن کی دوسری سب سے بڑی پارٹی ہے۔ دیگر 12 پارٹیوں نے بھی تحریک پیش کی تھی جن میں کانگریس ، ترنمول کانگریس ، بی جے پی ، بی جے پی، تلگو دیشم پارٹی ، ٹی آر ایس ، انا ڈی ایم کے ، ایل جے پی اور این سی پی شامل ہیں، لیکن راج ناتھ سنگھ کی تحریک کو ترجیح دی گئی۔