تمام کیلئے گھر ، مرکزی حکومت کی اسکیم منظور

نئی دہلی ۔ 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج اپنی ’’2022 تک ہر ایک کیلئے گھر‘‘اسکیم کو منظوری دیدی اور شہری غریبوں کو واجبی قیمت پر گھروں کی فراہمی کیلئے سود سے راحت دینے کا فیصلہ بھی کیا۔ مرکزی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم نریندر مودی کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں بین وزارتی کمیٹی کی سفارشات قبول کرلی گئیں ۔شہری غریب عوام کی شرح سود میں 6.50 فیصد کمی کی سفارش کی گئی تھی۔ تعمیر امکنہ کیلئے قرضوں سے استفادہ کرنے والے معاشی کمزور طبقات بشمول جھونپڑ پٹی کے ساکن افراد اور کم آمدنی والے گروپس کو گھروں کی تعمیر کیلئے قرضے جاری کئے جائیں گے جن کا سود کم ہوگا۔ کابینہ کے اس فیصلہ سے تقریباً فی کس 2 لاکھ 30 ہزار روپئے کا فائدہ پہنچے گا۔ چنانچہ ماہانہ ای ایم آئی کم ہوکر 2852 روپئے ہوجائے گی۔ سینئر کابینی امکنہ و انسداد غربت محکمہ کے عہدیدار نے اس کی اطلاع دی۔ شہری علاقوں میں 2 کروڑ نئے مکانات تعمیر کئے جائیں گے تاکہ مکانوں کی قلت کے مسئلہ کی یکسوئی ہوسکے۔ 7 سال کے عرصہ میں ان مکانوں کی تعمیر مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔