تمام بوتھس پر وی وی پی ٹی کا انتظام:الیکشن کمیشن

یوپی میں پارلیمانی ضمنی انتخابات
لکھنؤ۔24 فروری (سیاست ڈاٹ کام)الیکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم) پر اٹھ رہے سوالات کے درمیان الیکشن کمیشن نے کہا کہ اتر پردیش کی گورکھپور اور پھول پور لوک سبھا سیٹوں پر ہو رہے ضمنی انتخاب میں تمام ای وی ایم میں ووٹر ویری فائیڈ پیپر آوٹ ٹرائل( وی وی پی اے ٹی) لگائے جائیں گے ۔ریاست کے چیف الیکشن افسر ایل وینکٹیشور لو نے آج یہاں میڈیا کو بتایا کہ پھول پور اور گورکھپور سیٹ پر غیرجانبدارانہ پولنگ کرانے کیلئے تمام بوتھوں پر وی وی پی اے ٹی کا استعمال کیا جائے گا۔مسٹر لو نے بتایا کہ ضمنی انتخابات میں ایک بوتھ پر 1400 ووٹر ووٹ ڈال سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ نامزدگی داخل کرنے کے آخری دن پھول پور لوک سبھا سیٹ سے 6 اور گورکھپور سیٹ سے 7 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے ۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کے بعد گورکھپور نشست پر دس اور پھول پور سیٹ پر 22 امیدوار انتخابی میدان میں ہے ۔انہوں بتایا کہ ضمنی انتخابات کے پیش نظر حکام نے دونوں اضلاع کا دورہ کیا ہے ۔کمیشن ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے الیکشن سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لے رہا ہے ۔ پھول پور لوک سیٹ پر 19,61,472ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے جن میں 10,78,173 مرد، 8,83,101خواتین اور 198 تیسری جنس کے ہیں۔ گورکھپور سیٹ پر 19,49,284رائے دہندگان ہیں جن میں 10,72,191 مرد،8,76,937خواتین اور 156 تیسری جنس کے ہیں۔