محبوب نگر میں رکن پارلیمنٹ اے پی چندرا ریڈی کی پریس کانفرنس
محبوب نگر۔28 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اضلاع کی تقسیم سے کسی بھی ضلع کو نقصان نہیں ہوگا۔ تمام اضلاع کو آبپاشی کے لئے معقول پانی فراہم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ٹی آر ایس پارلیمانی اپرٹی قائد اے پی جتیندر ریڈی نے مستقر محبوب نگر پر اپنی قیامگاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ضلع میں پروجیکٹس کی کمی سے کسی کو خوزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ریاست کے دیگر اضلاع کی طرح محبوب نگر ضلع کو بھی آبپاشی کے لئے پانی فراہم کیا جائے گا۔ آنے والے دسہرہ تہوار سے نئے اضلاع تشکیل پاجائیں گے اور تمام اضلاع کو مساوی ترقی دینا ریاستی حکومت کا مقصد ہے۔ انہوں نے کرشنا پشکرالو کے کامیاب انعقاد پر اس میں حصہ لینے والوں سے اظہار تشکر کیا۔ پریس کانفرنس میں مقامی ایم ایل اے وی سرینواس گوڑ نے کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اگر آبپاشی پروجیکٹس کے مسئلہ پر مہاراشٹرا سے ہمارے معاہدہ کا کوئی ثبوت کانگریس پیش کرتی ہے تو وہ سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلیں گے۔ انہوں نے تعجب کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلہ پر خود کانگریسی قائدین متضاد باتیں کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر کا استدلال ہے کہ کسی بھی مقام کی ترقی کے لئے آبپاشی کے لئے پانی کا ہونا ضروری ہے۔ لہٰذا اضلاع کی تیز رفتار ترقی کے لئے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہزاروں کیوزکس پانی سمندر میں ضائع ہورہا ہے۔ اس کو روکتے ہوئے پروجیکٹس کی تعمیر کے منصوبے کا عوام خیر مقدم کررہے ہیں جبکہ اپوزیشن غیر تعمیری تنقید پر اترآئی ہے۔ پریس کانفرنس میں صدر ضلع ٹی آر ایس شیوکمار، مارکٹنگ کمیٹی چیرمین راجیشور و دیگر موجود تھے۔