تماشائیوں کی گڑبڑ پر زیادہ سنجیدگی غیرضروری

سال میں ایک بار ضرور احساس ہوتا ہے کہ T20 دماغ کا کھیل نہیں : دھونی
کٹک ، 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے محدود اوورز کے کپتان ایم ایس دھونی نے تماشائیوں کے اجڈ برتاؤ کو غیراہم بتانے کی کوشش کی، جہاں انھوں نے بوتلوں کی بارش کے بارے میں کہا کہ یہ ’’زیادہ سنگین معاملہ نہیں‘‘ اور ’’محض ہنسی مذاق میں ہونے والی حرکت‘‘ ہے، حالانکہ لجنڈری سنیل گواسکر نے متعلقہ حکام پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دھونی نے جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کے بعد کہا: ’’ہمیں ایسی چیزوں کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں دیکھنا چاہئے۔ مجھے ہنوز یاد ہے ہم ایک بار ویزاگ میں کھیلے اور ہم وہ بہت آسانی سے میچ جیتے اور اُس وقت بھی کئی بوتلیں پھینکی گئیں۔ شروعات پہلی بوتل سے ضرور ہوتی ہے اور پھر یہ حرکت تماشائیوں کیلئے مذاق زیادہ بن جاتی ہے۔‘‘ تاہم ہندوستانی کپتان نے کہا کہ کھلاڑیوں کی سکیورٹی پر کبھی مفاہمت نہیں ہوئی۔ ’’ہم نے (دوشنبہ کو) اچھا نہیں کھیلا اور بعض اوقات آپ کو ایسے ردعمل کا سامنا ہوتا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف الجھن آمیز T20 سیریز ناکامی پر دھونی نے کہا کہ ’’سال میں ایک خراب پرفارمنس‘‘ نے انھیں فوری یاد دلاتا ہے کہ مختصر ترین فارمٹ میں ’’دماغ کا بہت استعمال‘‘ نہیں کرنا چاہئے۔ وقفے وقفے سے ہم نے T20s میں ایسے مظاہرے دیکھے ہیں۔ ہر سال ہمارا کم از کم ایک مظاہرہ ضرور خراب ہوا، جہاں ہم صلاحیتوں کے مطابق نہیں کھیلے۔