تماریڈی شاہراہ پر جان لیوا حادثات کی کثرت

یلاریڈی۔/31مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلا ریڈی منڈل کے تما ریڈی شیوار سے نظام ساگر چوراستہ تک کی شاہراہ پر اکثر دلخراش حادثات پیش آرہے ہیں۔ شاہراہ سے گزرنے والی بس، لاری ، کار ، آٹو اور بائیکس وغیرہ بے قابوہوکر حادثات کا شکار ہورہے ہیں۔ جمعہ ہی کی بات ہے کہ اس شاہراہ پر چار زندگیوں نے دم توڑ دیا۔ پانچ سال پہلے بھی اس شاہراہ پر میدک ضلع کے شنکرم پیٹ سے تعلق رکھنے والا ایک فینانسر شادی کی تقریب میں آکر حادثہ کا شکار ہوا تھا اس کے بعد اسکارپیو گاڑی پلٹ جانے سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد لقمہ اجل ہوگئے اور دو افراد کی بیویاں اس راہ پر حادثہ میں فوت ہوگئیں۔ اس طرح آٹو پلٹنے پر محمد نگر سے تعلق رکھنے والے صدر مدرس کی موت ہوگئی۔ بائیک پر جانے والے دو نوجوانوں کو لاری ٹکر دینے سے میدک ضلع کے یہ نوجوان ہلاک ہوگئے۔ نظام آباد سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر اسی مقام پر بائیک کو لاری ٹکر دینے سے فوت ہوگیا۔ مقامی دواخانہ میں سوپروائزر کی خدمات انجام دینے والا شخص بھی بائیک پر جاتے ہوئے اسی شاہراہ پر لاری کی ٹکر سے فوت ہوگیا۔ یلاریڈی مستقر کا نوجوان بائیک کی ٹکر سے ہلاک ہوا۔ اتنی اموات پیش آنے کے باوجود محکمہ آر اینڈ بی کے عہدیداران کوئی دلچسپی نہیں لے رہے ہیں۔ آٹھ کیلو میٹر کا یہ راستہ خطرناک ثابت اس لئے ہورہا ہے کہ اس راہ میں آٹھ موڑ جان لیوا ہیں۔10کلورٹ ہیں جہاں سگنلس لگانا ضروری ہے۔ اس جان لیوا شاہراہ پر کچھ نہ کچھ انتظام ضروری ہے کہ کسی طرح گاڑی راں افراد کی حفاظت کی جاسکے۔