تلگو واریئرس کی بھوجپوری دابنگ کیخلاف سنسنی خیز کامیابی

کٹک (اڈیشہ)۔9 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بارہ بتی اسٹیڈیم واقع کٹک میں 8 فروری کو کھیلے گئے CCL-2014 کے میچ میں تلگو واریئرس نے بھوجپوری دابنگ سے سنسنی خیز انداز میں کامیابی حاصل کی۔ تلگو واریئرس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھوجپوری دابنگ نے ابتداء میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 17 اوورس تک 134 رنز بنالئے۔ اس موقع پر لگ رہا تھا کہ جیسے اسکور 170 رنز تک پہنچ جائے گا لیکن 18 ویں اوور میں آدرش نے ہیٹ ٹرک لیتے ہوئے میچ کا رُخ موڑ دیا اور اس اوور میں چار وکٹس حاصل کرتے ہوئے بھوجپوری دابنگ کے بڑھتے ہوئے اسکور کو روک دیا اور بھوجپوری ٹیم کو 19 اوورس میں 140 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔ جواب میں تلگو واریئرس نے 140 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے شروعات کافی اچھی کی لیکن جیسے جیسے رنز بناتے گئے ویسے ویسے وکٹس بھی گرتے گئے اور میچ آخری مرحلے میں سنسنی خیز موڑ پر پہنچ گیا اور تلگو واریئرس کو آخری تین گیندوں میں 9 رنز کی ضرورت تھی۔ نند کشور نے دو گیندوں میں لگاتار دو چوکے لگاتے ہوئے اسکور کو برابر کردیا۔

آخری گیند پر صرف ایک رن کی ضرورت تھی جس کے بعد آخری بال میں پھر سے چوکا لگاتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلادی۔ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے تلگو واریئرس کی برانڈ ایمبیسڈر ٹالی ووڈ اداکارہ چارمی کے ساتھ ساتھ اس ٹیم میں آفیشیل اسپانسر پرائیڈ انڈیا کے مینیجنگ ڈائریکٹر جناب مرزا صنوبر بیگ اور زبیر العمودی بھی میدان میں موجود تھے۔ میچ کے اختتام کے بعد تقریب میں پرائیڈ انڈیا کے جناب صنوبر بیگ نے ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو کامیابی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پچھلے تین میچوں میں سے ان کی ٹیم نے لگاتار دو میچس جیتے ہیں۔ واضح رہے کہ تلگو واریئرس نے پچھلے میچ میں جو دبئی میں کھیلا گیا تھا ، اس میں بالی ووڈ ہیروز کو شکست دی تھی۔ اس طرح انہیں پوری امید ہے کہ ان کی ٹیم کامیابی کے اس سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے اگلا میچ جو کہ 15 فروری کو حیدرآباد میں کھیلا جائے گا، میں بھی کامیابی حاصل کرے گی اور اس کے بعد فائنل میچ میں بھی شاندار کامیابی درج کرائے گی۔ ’’مین آف دی میچ‘‘ ایوارڈ تلگو واریئرس کے آدرش کو 2 اوورس میں 5 رنز دے کر 5 وکٹس حاصل کرنے پر دیا گیا۔ ’’پاور پلیر آف دی میچ‘‘ ایوارڈ بھوجپوری دابنگ ٹیم کے کپتان منوج تیواری کو 70 رنز بنانے پر دیئے گئے۔ واضح رہے کہ اس سال تلگو واریئرس ٹیم کو پرائیڈ انڈیا کمپنی اسپانسر کررہی ہے جوکہ حیدرآباد کے رئیل اسٹیٹ میں ایک قابل اعتماد نام ہے۔