تلگو فلم ڈائرکٹر راجیش پتر گرفتار، دیسی ساختہ پستول اور کارتوس ضبط

حیدرآباد۔/2اپریل، ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے ابھرتے ہوئے تلگو فلم ڈائرکٹر و پروڈیوسر بی راجیش پتر کو آج شہر میں گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے دو دیسی ساختہ پستول اور 16راؤنڈ کارتوس برآمد کرلئے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس بی لمبا ریڈی نے بتایا کہ 44سالہ بی راجیش پتر ساکن روڈ نمبر 10جوبلی ہلز جو ایلورو ( مشرقی گوداوری ) کا متوطن ہے اس نے بہار کے نوادا ٹاؤن سے سال 2010میں دو دیسی ساختہ 9mm پستول اور کارتوس خریدا تھا۔ مسٹر لمبا ریڈی نے بتایا کہ انیل نامی شخص نے راجیش کو نوادا لے جاکر رنجیت سے تعارف کروایا تھا۔ فلم ڈائرکٹر نے ہتھیار خریدنے کے بعد اسے اراضی تنازعات کی یکسوئی اور خاندانی جھگڑوں میں استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ راجیش پتر نے ایک پستول آر رادھا کرشنا عرف راجو کو دی جس کا سوندریم سے خاندانی جھگڑا چل رہا تھا۔ مسٹر ریڈی نے بتایا کہ راجیش پتر کا تعلق آندھرا پردیش کی کئی سیاسی جماعتوں سے رہا ہے اور اس نے سال 1998میں پارلیمانی انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ راجیش پتر کے مسلسل جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہونے پر ایلورو پولیس اسٹیشن میں روڈی شیٹ کھولی گئی تھی۔ مذکورہ فلم ڈائرکٹر نے تلگو فلمیں ’ نواب باشا‘ ’داؤد‘ اور ’ ثانیہ ‘ بنائی ہے۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے پستول اور کارتوس برآمد کرلئے۔