کریم نگر ۔ 26 ۔ اپریل ( سید محی الدین ) حصول تلنگانہ کیلئے جس طرح جدوجہد کی تھی ٹھیک اسی طرح اس کی ترقی میرا واحد مقصد ہے ، ان خیالات کا اظہار پارلیمانی حلقہ کریم نگر کے کانگریس پارٹی امیدوار پونم پربھاکر نے نمائندہ سیاست سید محی الدین سے ایک انٹرویو کے دوران کیا ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ اپنی کامیابی کے ساتھ ہی مرکزی حکومت کے روبعمل ترقیاتی پروگراموں کی تلنگانہ میں عمل آوری کیلئے وہ فنڈس حاصل کریں گے ۔ حصول تلنگانہ کیلئے بڑی جدوجہد سے متعلق ضلع کریم نگر کے عوام بخوبی واقف ہیں ۔ تاحال ضلع میں آئی ٹی پارک کیلئے میں نے کامیاب کوشش کی ہے اور اب عنقریب اس کا قیام عمل میں آجائیگا ۔ ریاست کے صدر مقام سے کریم نگر کو ریلوے لائین کے ذریعہ مربوط کرنے کا بھی انہوں نے تیقن دیا ۔ اسی رطح راجیو شاہراہ کو 8 لائین میں بدلنے کیلئے اقدامات کرنے کا بھی انہوں نے وعدہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک میں نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں اسے پورا کیا ہوںاور آئندہ بھی تمام وعدوں اور تیقنات کو پورا کرونگا ۔ پونم پربھاکر نے ضلع کریم نگر میں زرعی شعبہ سے متعلق صنعتوں کے قیام کا تیقن دیا اور کہا کہ دیہی بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ، ضلع میں ایرپورٹ کی تعمیر ، حیدرآباد اور دہلی کیلئے ہوائی جہاز کے سفر کی سہولت کے بشمول کانگریس کے منشور میں شامل تمام پروگراموں کو روبعمل لایا جائیگا ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ کانگریس کے سربراقتدار آنے پر 50 لاکھ کسانوں کے کھاتہ میں فی کس 10 ہمار روپئے ان کی حوصلہ افزائی کیلئے جمع کئے جائیں گے ، ورنگل میں راہوگاندھی کے اعلان کے مطابق خواتین کے سنگھموں کو فی کس دو لاکھ روپئے قرض کی فراہمی ، بے روزگار ایک لاکھ نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی کے علاوہ بی سیز کیلئے سب پلان اور مسلمانوں کے تمام مسائل کی یکسوئی کی جائیگی ۔ ثبوت کے بغیر مسلم نوجوانوں کی گرفتاری پر پولیس کو جواب دہ بنایا جائیگا ۔ مذہب ، ذات اور طبقہ کی بنیاد پر کسی کو پریشان نہیں کیا جائیگا ۔ ہر حال میں سماجی انصاف پر نظر رکھی جائیگی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کریم نگر پارلیمانی حلقہ سے مجھے اور اسمبلی حلقہ سے چیلمنڈہ لکشمی نرسمہاراؤ کو بھاری اکثریت سے ووٹ دے کر کامیاب کریں۔