گمبھی راؤ پیٹ۔/10ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت انتخابی منشور کے تحت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرے بصورت دیگر کانگریس ضلع بھر میں تمام کارپوریشنس، میونسپلٹی اور گرام پنچایتوں کی سطح پر اپنے احتجاجی مظاہرے شروع کرے گی۔ یہ بات صدر ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کریم نگر کٹکم مرتنجیم نے اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہی۔ مرتنجیم نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ وقتاً فوقتاً کبھی کریم نگر کو نیویارک سٹی اور کبھی حیدرآباد کو سنگاپور جیسا سٹی بنانے کی باتیں کرتے ہوئے عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں۔ مرتنجیم نے کہا کہ تلنگانہ کی پسماندہ عوام کو نیویارک، سنگاپور اور لندن جیسے سٹی کی ضرورت نہیں ہے بلکہ انہیں بنیادی سہولیات کی ضرورت ہے۔ مرتنجیم نے چندر شیکھر راؤ اور ریاستی وزیر تارک راما راؤ کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ربیع کا سیزن شروع ہونے جارہا ہے حکومت کو چاہیئے کہ وہ برقی سربراہی کیلئے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ کاشتکاروں کو گزشتہ سیزن کی طرح ابھی فصلوں کے ذریعہ نقصان سے بچایا جاسکے۔ مرتنجیم نے حکومت سے سوال کیاکہ وہ ربیع سیزن کے دوران کاشتکاروں کو کتنے گھنٹے برقی سربراہ کریں گے اس کا باضابطہ اعلان کریں بصورت دیگر کاشتکار کوئی متبادل راستہ اختیار کریں گے یا تو کسان کاشت کاری سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے خاموشی اختیار کرلیں گے۔ مرتنجیم نے مستحق افراد کو وظائف کی عدم اجرائی پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام مستحق افراد کو وظائف جاری کرے۔ اس موقع پر پارٹی قائدین جن میں وینکٹ سوامی، حمید الدین خالد، شنکر گوڑ، سید غازی الدین زبیر، محمد کلیم الدین، اے سوامی، منگلی سرینواس، سریدھر، اے نرسیا، کرشنا ریڈی، قطب الدین وغیرہ موجود تھے۔