تلنگانہ کا قیام کے سی آر کی جدوجہد کا نتیجہ

کورٹلہ میں ٹی آر ایس کی ریالی، رکن اسمبلی ودیا ساگر راؤ کا خطاب

کورٹلہ۔/23فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے سلسلہ میں پیش کئے گئے بل کی لوک سبھا و راجیہ سبھا میں منظوری کے بعد پہلی مرتبہ جناب کلوا کنٹلہ ودیا ساگر راؤ رکن اسمبلی کورٹلہ کی کورٹلہ آمد پر ا ن کا شاندار استقبال کیا گیا۔ رکن اسمبلی کورٹلہ جناب کلوا کنٹلہ ودیا ساگر راؤ جو کھلی جیپ میں سوار تھے، ٹی آر ایس پارٹی کارکن اور ان کے بہی خواہ رقص کررہے تھے اور ان کی تائید میں نعرے لگارہے تھے۔ جناب ودیا ساگر راؤ کی اس موقع پر بکثرت گلپوشی کی گئی۔ جناب ودیا ساگر راؤ نے امبیڈکر کے مجسمہ پر پھول مالا چڑھائی اور خراج عقیدت پیش کیا۔ جناب کلواکنٹلہ ودیا ساگر راؤ رکن اسمبلی کورٹلہ نے اس موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس جناب کے چندر شیکھر راؤ کی کی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ مرکزی حکومت کو علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر مجبور ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ جناب چندر شیکھر راؤ سربراہ ٹی آر ایس کی 11سالہ جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ آج تلنگانہ کے قیام کا خواب پورا ہوا ہے۔انہوں نے اس موقع پر صدر کل ہند کانگریس آئی پارٹی چیرمین یو پی اے شریمتی سونیا گاندھی کی کافی ستائش کی اور کہا کہ آندھرا قائدین کی لاکھ مخالفت کے باوجود تلنگانہ ریاست کی تشکیل دیتے ہوئے انہوں نے تلنگانہ کے عوام کے برسوں کے خوابوں کو پورا کیا ہے۔

انہوں نے حلقہ اسمبلی کورٹلہ کے تمام طبقات کا جنہوں نے علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے سلسلہ میں چلائی گئی مہم میں حصہ لیا تھا اظہار تشکر کیا۔انہوں نے اس موقع پر تلنگانہ کے تمام مسلمانوں کا جنہوں نے علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کیلئے حصہ لیا خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد مسلمانوں کے ساتھ مکمل انصاف کیا جائے گا۔ جناب محمد مبین پاشاہ ایڈوکیٹ صدر ٹی آر ایس پارٹی کورٹلہ ٹاؤن نے اپنی تقریر میں کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے سلسلہ میں چلائی گئی مہم میں تلنگانہ کے مسلمانوں نے دیگر طبقات کے شانہ بہ شانہ حصہ لیا۔اس تقریب میں ٹی آر ایس پارٹی قائدین جناب سائنی رویندر، جناب راگھولو کنوینر ٹی آر ایس پارٹی، جناب محمد فہیم، جناب محمد نعیم، جناب محمد شاہد، جناب سید اقبال کے علاوہ ٹی آر ایس پارٹی قائدین و کارکنوں کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔