تلنگانہ کا قیام۔ ٹی آر ایس کی انتھک جدوجہد کا نتیجہ

کانگریس کا کارنامہ قرار دینے پر رکن اسمبلی نلگنڈہ کے خلاف ٹی آر ایس لیڈر کی تنقید

نلگنڈہ۔/22فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کی بل کو لوک سبھا و راجیہ سبھا میں منظوری سے علاقہ کی 4کروڑ عوام کے خوابوں کی تکمیل ہوئی ہے۔ حصول تلنگانہ کی جدوجہد کے دوران اپنی جانوں کی قربانی دینے والے اور جدوجہد میں سرگرم قائدین و حامیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بل کی منظوری میں اہم کردار ادا کرنے والے قومی قائدین سے ٹی آر ایس قائد مسٹر ڈی نرسمہا ریڈی نے صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے بعض کانگریس قائدین جدوجہد تلنگانہ میں حصہ لینے سے گریز کرنے اور ان کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ پر مقدمات درج کروانے والے رکن اسمبلی نلگنڈہ علحدہ ریاست کے قیام کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے رکن اسمبلی نلگنڈہ کے وینکٹ ریڈی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رکن اسمبلی نلگنڈہ کی جانب سے فتح ریالی کا اہتمام کیا گیا اور جدوجہد کے دوران اپنی جانیں قربانی کرنے والوں کے ورثاء کو ہر قسم کی مدد و تعاون کرنے کا اعلان کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے بتایا کہ تاحال رکن اسمبلی نے ان نوجوانوں کے مکان پہنچ کر پرسہ تک نہیں دیا وہ کس طرح امداد فراہم کرسکتے ہیں۔ علحدہ ریاست کے نام پر کابینہ سے مستعفی ہونے کا بار بار ادعاء کرنے والے رکن اسمبلی نے سابق میں وائی ایس جگن کی ہمدردی میں دستخطی مہم چلائی اور پارٹی تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولی چنتالہ پراجکٹ، پوتی ریڈی پاڈو پراجکٹ اور ویملا پراجکٹ کے کنٹراکٹ حاصل کرنے کیلئے تلنگانہ جدوجہد کو نقصان پہنچانے والے رکن اسمبلی سیما آندھرا قائدین کی ہمدردی حاصل کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھا۔انہوں نے کہا کہ حصول ریاست کی جدوجہد کے دوران تلنگانہ حامی طلبہ اور قائدین پر چپلوں اور جوتوں سے حملہ کروانے کے علاوہ مقدمات درج کروانے رکن اسمبلی کو حلقہ کی عوام نے بہتر سبق سکھانے کی تیاری کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حلقہ میں پیسوں کے بل بوتے پر چند حامیوں کو جمع کرتے ہوئے فتح کی ریالی منعقد کی گئی ہے۔

ٹی آر ایس قائدین نے کہا کہ ضلع میں سیاسی اہم عہدوں پر ایک طبقہ کی اجارہ داری ہے جبکہ ضلع میں بی سی اور اقلیتوں کی قابل لحاظ آبادی ہے ان طبقات کو یکسر نظرانداز کیا جارہا یہ۔ اب علحدہ ریاست تلنگانہ میں یہ طبقات کو موثر نمائندگی دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں حلقہ اسمبلی نلگنڈہ میں اقلیتوںکی قابل لحاظ آبادی ہے جس کی وجہ سے اس نشست پر ہر کوئی اقلیتی قائد یا بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے کو ہی امیدوار بناکر کامیاب بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کی عوام باشعور ہے ایسے نقلی تلنگانہ حامی قائد کی گمراہ کن باتوں اور اعلانات سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی بانی قائد مسٹر چندر شیکھر راؤ کی علحدہ ریاست کے قیام کے دوران کی گئی کاوشوں کی وجہ سے علحدہ ریاست بل کو منظوری حاصل ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ بل پر صدر جمہوریہ کی جانب سے بھی منظوری کے دوسرے دن حلقہ اسمبلی نلگنڈہ میں بڑے پیمانے پر فتح ریالی اور جلسہ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ ٹی آر ایس قائد مسٹر پنکج نے کہاکہ جدوجہد تلنگانہ کو نقصان پہنچانے والے قائد آج اپنے آپ کو تلنگانہ عوام کا ہمدرد ظاہر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ایسے نقلی قائدین کو عوام وقت پر بہتر سبق سکھائیں گے۔ اس موقع پر ٹی آر ایس قائدشری پی نریش ریڈی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔