کریم نگر میں مرکزی وزیر ستیہ نارائنا کی صحافیوں سے بات چیت
کریم نگر ۔ 11 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ کے عوام کی دیرینہ دلی خواہش کا احترام کرتے ہوئے ہزارہا مخالفتوں کے باوجود تلنگانہ ریاست کے قیام کا سونیا گاندھی کا فیصلہ، ان کی قوت ارادی، حوصلہ و ہمت اور عہد وفا کی ایک مثال ہے۔ تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ کانگریس کے مرکزی وزیر سروے ستیہ نارائنا نے یہاں کانگریس کے دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سونیا گاندھی نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔ اب آپ کی ذمہ داری ہوگی کہ آنے والے چناؤ میں کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیابی دلائیں۔ راہول گاندھی کو وزیراعظم بنائے جانے کی راہ ہموار کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیما۔ آندھرا میں 25 ایم پی نشستوں کا نقصان ہوگا۔ اب چناؤ کا وقت آچکا ہے۔ اس کا علم ہونے کے باوجود انہوں نے اپنے وعدہ کو پورا کیا ہے۔ جواہر لال نہرو، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی نے جو ہمت نہ دکھا سکے، سونیا گاندھی نے وہ ہمت دکھائی ہے۔ عوام کی خواہش ہوگی تو یقیناتلنگانہ میں دلت کو وزیراعظم بنایا جائے گا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کی دوڑ میں شامل نہیں ہوں۔ میں نے کبھی عہدوں کی خواہش نہیں کی۔ سونیا گاندھی نے مجھے جنرل نشست سے چناؤ کیلئے میدان میں اتارا۔ میں نے حکم کا پاس رکھا۔ اب کی بار 5 لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب ہوکر دکھاؤں گا۔ اس اجلاس میں آرے پلی موہن ، فاروق حسین ، سنتوش کمار ، چیلمیدہ لکشمی نرسمہا راؤ اور دیگر قائدین موجود تھے۔