تلنگانہ پولیس کی عصری ٹکنالوجی میں مزید ایک اضافہ

مجرمین کی شناخت کے لیے ایپ متعارف ، ڈی جی پی مہیندر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /2 اگست (سیاست نیوز) عصری ٹکنالوجی سے لیس تلنگانہ پولیس نے ایک اور بلندی کو چھوتے ہوئے نیا ایپ متعارف کیا جس کے ذریعہ عادی مجرمین کی شناخت کی جاسکتی ہے ۔ تلنگانہ پولیس نے چہروں کے ذریعہ مجرمین کی شناخت (فیشیل ریکیگنیشن سسٹم) ٹی ایس کاپ کے موبائیل اپلیکیشن متعارف کیا ہے ۔ جس کے ذریعہ سینکڑوں مجرمین اور جرائم پیشہ افراد کی شناخت آسانی سے کی جاسکتی ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مسٹر ایم مہندر ریڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف آر ایس ایپ عصری ٹکنالوجی والا ایپ ہے جس کے ذریعہ کسی بھی شخص کے چہرے سے اس کے مجرم ہونے کا پتہ لگایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایپ سی سی ٹی این ایس ڈیٹا بیس سے مربوط ہے جس کے ذریعہ پولیس کو مطلوب گمشدہ اور گرفتار ملزمین کی نشاندہی کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص کے چہرے کی راست تصویر حاصل کرتے ہوئے اس کے کردار کا پتہ لگایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹکنالوجی سے پولیس کے تحقیقاتی عہدیداروں کو مجرمین کی شناخت کیلئے آسانی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تمام عادی مجرمین اور جرائم پیشہ افراد کی غیرقانونی سرگرمیوں کا فی الفور پتہ لگایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پولیس جو ملک میں ٹکنالوجی کے استعمال میں سرفہرست ہے ۔ اس ایپ کو متعارف کیا ہے ۔