سائبر آباد پولیس کا منفرد پروگرام، وی سی سجنار کمشنر کا خطاب
حیدرآباد۔/7جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پولیس نے عوامی شعور بیداری کیلئے تحریکی طرز کے طریقہ کار کو اپنالیا ہے۔ ایک وقت ممنوعہ تنظیموں کی جانب سے اپنا پیغام عوام تک پہنچانے اور ان کے درمیان پہنچنے کیلئے اس طریقہ کار پر عمل کیا جاتا تھا اور جاگرتی کے نام سے یہ ٹیمیں سرگرم تھیں۔ لیکن اب اس طرح کی فنکاروں کی یہ جاگرتی ٹیمیں پولیس کیلئے کام کریں گی۔ سائبر آباد پولیس نے اپنی نوعیت کے اس پروگرام کا آغاز کردیا۔ کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر وی سی سجنار نے آمنگل کے علاقہ سے اس مہم کا آغاز کیا اور کہا کہ پولیس ہمیشہ عوام کی دوست اور ان کی حفاظت کے لئے موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں عوام کا شعور بیدار کرنا اور اپنی پالیسی کے قریب لانے میں فنکاروں کی ٹیموں کے پروگرام مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کم عمری کی شادیوں کا رواج، تعلیم ، ٹریفک پولیسنگ، اوہام پرستی، آن لائن دھوکہ دہی، بچوں کا اغواء ، نقلی بیجوں کی فروخت، کسانوں کی خودکشی، کمیونٹی پولیسنگ کی اہمیت ، سوشیل میڈیا، رہزنی، ڈکیتی، سرقہ کی وارداتوں پر عوام میں شعور بیداری کی جائے گی اور جرائم سے بچنے اور اس کے انسداد کے لئے اقدام پر بھی عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ کمشنر پولیس نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے آپ کو سوشیل میڈیا سے دور رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ جاگرتی کی یہ پولیس ٹیمیں عوام میں سرگرم رہیں گی اور عوام میں شعور بیدار کیا جائے گا۔ اس موقع پر دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔