تلنگانہ پولیس کو ملک کی بہترین پولیس کا اعزاز حاصل

کوہیر میں ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کا اخباری نمائندوں سے خطاب
کوہیر ۔ /14فبروری ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کوہیر منڈل کا دورہ کرتے ہوئے کوہیر مستقر میں واقع ہندو مذہبی پیشوا مہاراج دکھشنا مورتی کے پاس مہا شیوراتری کے پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کوہیر پولیس اسٹیشن میں اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی پولیس کو ملک میں بہترین پولیس کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے بحیثیت وزیر اعلیٰ حلف لینے کے بعد سب سے پہلے پولیس کا اجلاس طلب کرتے ہوئے لاء اینڈ آرڈر کے معاملہ میں سختی کے ساتھ نمٹنے کی ہدایت دی اور350 کروڑ روپئے جاری کرتے ہوئے ہر پولیس اسٹیشن کو بنیادی سہولتیں فراہم کی اور ہر پولیس اسٹیشن کو کاریں مہیا کروائی۔ ریاست تلنگانہ میں امن کی برقراری کے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ فرقہ پرستی، غنڈہ گردی، روڈی شیٹرس کے ساتھ سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں 10لاکھ سی سی کیمرے نصب کرنے کا منصوبہ ہے اس کو بہت جلد تکمیل کرلیا جائے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ایک سیکولر ہیں ہر قوم ہر مذہب کے ماننے والوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے جو اقدامات کئے جارہے ہیں ملک بھر میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ محکمہ پولیس میں 10 ہزار افراد کی بھرتی ہوئی مزید بھرتی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پولیس نے ایک شی ٹیم تیار کی ہے جس کے ذریعہ کالجوں اور پارکوں میں چھیڑ چھاڑ کرنے والوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے پولیس اور عوام میں بہترین تال میل کیلئے عوام دوست پولیس کی پالیسی اختیار کی جارہی ہے جس کے بہترین نتائج سامنے آرہے ہیں۔ اس کے علاوہ خانگی کمپنیوں میں تقریباً 50ہزار لوگوں کو روزگار مہیا کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں عام انتخابات نہیں ہوں گے بلکہ مرکزی حکومت چاہتی ہو تو ممکن ہوسکتا ہے ورنہ 2019 میں ہی ہوں گے۔ انہوں نے ریاست کی ترقی کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ رات دن جدوجہد کررہے ہیں۔ اپنے انتخابی وعدوں کے علاوہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کئی اسکیمات متعارف کروائی گئی ہیں۔ اس موقع پر محمد فرید الدین رکن قانون ساز کونسل، ضلع سنگاریڈی سپرنٹنڈنٹ پولیس چندر شیکھر ریڈی، محمد عبدالحمید آر ڈی او ظہیرآباد ڈیویژن ڈی ایس پی این روی ظہیرآباد ڈیویژن، رام کرشنا ریڈی آتما کمیٹی چیرمین، محمد عبدالوحید ٹی آر ایس پارٹی ٹاؤن صدر، محمد کلیم الدین ٹی آر ایس لیڈر، محمد اسلم زاہد، محمد واجد، شیخ جاوید نائب صدرنشین کوہیر منڈل، جلیل فردوس، محمد عمر احمد کے علاوہ دیگر ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔