پورا سال پرامن‘حیدرآباد میں 10 لاکھ کیمرے نصب کرنے کا منصوبہ‘ڈی جی پی مہندرریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں رواں سال مجموعی طور پر جرائم کے واقعات میں 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر ایم مہندر ریڈی نے ڈی جی پی آفس میں سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 2018 ء ریاست تلنگانہ کے لئے پرامن سال رہا اور کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ مہندر ریڈی نے کہاکہ ریاستی پولیس نے عہد کیا ہے کہ سال 2018 ء سٹیزن فرینڈلی پولیسنگ اور یونیفارم سرویس ڈلیوری کو روبہ عمل لایا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر ریاست کی ترقی کے لئے لاء اینڈ آرڈر کی برقراری اہمیت رکھتی ہے۔ اِس ضمن میں بہتر کارکردگی کے اعتبار سے تلنگانہ پولیس ملک میں سرفہرست ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جاریہ سال گنیش تہوار کے دوران ایک بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا جبکہ 2017 ء میں گنیش تہوار کے دوران 85 مقدمات درج کئے گئے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال اطمینان بخش ہے اور مجموعی طور پر جرائم میں 5 فیصد کمی درج کی گئی ہے۔ جبکہ قتل کی وارداتوں میں بھی 4 فیصد اور رہزنی، ڈکیتی اور سرقے کی وارداتوں میں 8 فیصد کمی آئی ہے۔ ڈی جی پی مہندر ریڈی نے کہاکہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے ہی پولیس اسٹیشن سطح سے محکمہ پولیس کو مستحکم کرنے کا کام شروع کیا تھا جس کے نتیجہ میں ملزمین کو عمر قید کی سزا میں 11 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یکم جنوری تا 15 جنوری ریاست کے تمام اضلاع میں پولیس اسٹیشن سطح پر ہر بستی اور گلی میں پولیس عہدیدار پہونچ کر عوام سے اُن کے مسائل کی سماعت کرتے ہوئے اُنھیں حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ مہندر ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ پولیس نے ایسے کئی اقدامات کئے ہیں
جس کے نتیجہ میں مجرمین کو گرفتاری کا خوف اور اُنھیں سزا یقینی ہونے کا ڈر لگا رہتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آئندہ 3 برسوں میں تلنگانہ پولیس ریاست بھر میں 15 لاکھ سی سی ٹی وی کیمروں اور صرف شہر حیدرآباد میں 10 لاکھ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا منصوبہ رکھتی ہے اور اِسے یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ پولیس میں 11,500 ہزار نئی گاڑیاں شامل کی گئی ہیں اور پولیس پٹرولنگ کار کی گشت کو بڑھادیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ جاریہ سال ڈائیل 100 پر 8 لاکھ 51 ہزار فون کالس موصول ہوئے جس کے بعد اندرون ساڑھے آٹھ منٹ پولیس شکایت کنندہ تک پہونچ گئی۔ جبکہ حیدرآباد میں یہ وقت ساڑھے چار منٹ ریکارڈ کیا گیا۔ ریاست کے ہر ضلع میں سائبر کرائم پولیس اسٹیشن قائم کیا جائے گا اور شہر حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ کمشنریٹس میں موجود پولیس اسٹیشن کی طرز پر ریاست کے تمام پولیس اسٹیشنس کو عصری بنایا جائے گا۔ مہندر ریڈی نے کہاکہ حیدرآباد اور دیگر دو کمشنریٹس کی طرح کیش لیس ٹریفک انفورسمنٹ کو ریاست کے ہر ضلع میں یقینی بنایا جائے گا۔ سی سی ٹی این ایس سسٹم کی عمل آوری میں ریاست تلنگانہ سرفہرست ہے اور پاسپورٹ درخواستوں کی تنقیح میں بھی تلنگانہ پولیس پھر ایک مرتبہ اول نمبر پر ہے۔ میڈیا نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ڈی جی پی مہندر ریڈی نے کہاکہ ریاست میں کسی قسم کی ماؤسٹ سرگرمیاں نہیں ہیں۔